آرمی چیف کی تعیناتی سے زیادہ ملکی معیشت ضروری ہے، عمران خان

  On Aug 3, 2022

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) عمران خان نے کہا ہے کہ کیا ہم آرمی چیف کی تعیناتی کے لیے سارے ملک کو جمود کردیں، فوج ملکی سالمیت کا اہم حصہ ہے مگر ملک کے لیے معیشت بھی بہت اہم جز ہے .

ایکسپریس نیوز کے پروگرام تکرار میں گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہمیں نومبر کو سوچنے کے بجائے ابھی کا سوچنا چاہیے کیونکہ حالات بہت خراب ہیں، ٹیکسٹائل کی فیکٹریاں بند ہورہی ہیں، توانائی کا شدید بحران ہے جس کی وجہ سے لوگوں کے روزگار بند ہورہے ہیں .

انہوں نے کہا کہ مہنگائی دن بہ دن بڑھتی جارہی ہے، عوام کی پریشانیوں میں اضافہ ہوتا جارہا ہے تو ایسی صورت میں ہمیں معیشت کا سوچنا چاہیے، سارے مسائل کا واحد حل فوری اور شفاف انتخابات ہیں .

عمران خان نے کہا کہ ’حکومت الیکشن کی تاریخ کا اعلان کردے پھر ہم بیٹھ کر بات کرنے کے لیے بھی تیار ہیں مگر ن لیگ، پی پی کے ذہن میں بس ایک بات ہے کہ یہ کسی بھی طرح پی ٹی آئی کا کھیل سے باہر کردیں مگر یہ کامیاب نہیں ہوں گے کیونکہ عوام ہمارے ساتھ ہیں‘ .

’میں ان (حکومت) کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ یہ میرا نام ای سی ایل میں ڈالے‘

ہمارے ملک کی پوزیشن دن بہ دن خراب ہورہی ہے‘

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم کل الیکشن کمشنر کے خلاف پرامن احتجاج کررہے ہیں، آج حکومت اور الیکشن کمشنر کی وجہ سے ہماری قومی سلامتی کو خطرات لاحق ہیں،  اگر ملک کو مسائل اور اس دلدل سے نکالنا ہے تو اس کے لیے صاف اور شفاف الیکشن ضروری ہیں، ہمارے ملک کی پوزیشن ہر گزرتے دن کے ساتھ نیچے جارہی ہے .

پی ٹی آئی چیئرمین نے مزید کہا کہ دھاندلی کے 183طریقے ہوتے ہیں اگر ای وی ایم آجائے تو 130 طریقے خود بہ خود ختم ہوجائیں گے، شہباز شریف اور زرداری الیکشن میں ہار کے ڈر سے انتخابات کا اعلان نہیں کررہے .

’پنجاب کابینہ کی یہ پہلی کھیپ ہے‘

عمران خان نے کہا کہ پنجاب میں ق لیگ کی صرف دس جبکہ 163 ہماری سیٹیں ہیں، اس حساب سے کابینہ کی تشکیل نو ہوئی ہے مگر وقت کے ساتھ کابینہ کو مزید بڑھایا جائے گا اور مستقبل میں مسلم لیگ ق کے اراکین کو بھی عہدے دیے جائیں گے .

’اسمبلی میں کسی صورت واپسی نہیں ہوگی‘

ایک سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ ہم کسی صورت قومی اسمبلی میں واپس نہیں جائیں گے اگر وہاں جاکر بیٹھ گئے تو اس کا مطلب ہے کہ ہم ان کے سہولت کار ہیں، اگر حکومت اسمبلی تحلیل اور الیکشن کی تاریخ دے تو بیٹھ کر بات چیت ضرور ہوسکتی ہے

Leave a Reply

Your email address will not be published.