ملک بھر میں بارش اور برفباری، سردی کی شدت برقرار

ملک بھر میں بارشوں اور برفباری کا نیا اسپیل شروع ہونے کو تیار دھند کا راج  بھی برقرار

لاہور /اسلام آباد:ملک بھر میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے، ملک کے مختلف حصوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے کہیں سرد ہوائیں، کہیں برفباری تو کہیں دھند کا راج برقرار ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کو بھی گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں وقفے وقفے سے بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری رہا جبکہ شمال مشرقی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا، اسلام آباد اور خطہ پوٹھوہار میں بارش کی پیشگوئی کی گئی تھی ، سردی کی شدت میں اضافے سے آمدورفت کا نظام شدید متاثر رہا، کئی مقامات پر رابطہ سڑکیں بلاک اور موٹرویز بند کر دی گئیں،وادی سوات میں مالم جبہ اور کالام میں برف باری جاری رہی

کاغان کے تفریحی مقامات شوگران، کاغان اور ناران میں ڈیڑھ فٹ تک برف پڑنے سے انتظامیہ نے کاغان سے آگے سیاحوں کا داخلہ بند کردیا گیا،محکمہ موسمیات کے مطابق مالم جبہ 16، کالام اورمری میں 05 انچ برفباری ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت زیارت منفی 12، لہہ منفی10، قلات منفی 08، گوپس میں منفی 07 سینٹی گریڈ، ہنزہ منفی 04 اور مری میں منفی 03 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے،بلوچستان کے شمالی علاقوں میں برف باری تھمنے کے بعد شدید سردی کی لہر برقرار ہے، 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی سائبیرین اور برفیلی ہواوں کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *