جو کچھ کراچی میں ہوا اسے الیکشن کہنے والے احمق ہیں،علی زیدی

گارڈز نے ہجوم منتشرکرنے کیلیے ہوائی فائرنگ کی، علی زیدی - ایکسپریس اردو

کراچی:پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر و سابق وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے میری پٹیشن پر الیکشن کرایا جس پر ہم نے الیکشن کمیشن کی تعریف کی،کل جو کچھ کراچی میں ہوا اسے الیکشن کہنے والے احمق ہیں، صاف اور شفاف الیکشن کرانے میں الیکشن کمیشن ناکام ہوگیا ہے، الیکشن کمیشن براہ راست دھاندلی میں ملوث ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ٹی آئی سندھ سیکریٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ پی ٹی آئی سندھ کے جنرل سیکریٹری مبین جتوئی، پی ٹی آئی کراچی کے صدر بلال غفار، سندھ کے نائب صدر آغا ارسلان، اراکین اسمبلی فہیم خان،

شہزاد قریشی، شاہنواز جدون، رابعہ اظفراور دیگر موجود تھے۔ علی زیدی نے کہاکہ الیکشن کمیشن نے کہا کہ کراچی میں بلدیاتی انتخابات پر امن ہوئے ہیں، مطلب کہ الیکشن میں پر امن طور پر دھاندلی کی گئی ہے۔ ساری دھاندلی کے باوجود ہم نے ستر سے زائد یوسیز جیت لی ہیں۔ کل رات سے اب تک امیدوار آر او کے دفاتر کے باہر نتائج کے منتظر ہیں۔ دفاتر میں بیٹھ کر آر اوز پولیٹیکل انجینئرنگ کررہے ہیں۔ عمران خان پہلے سے کہہ رہے ہیں کہ یہ جانبدار ہیں۔ اندر بیٹھ کر نتائج تبدیل کیے جارہے ہیں،ہم دھاندلی پر ہر دروازہ کھٹکھائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے اراکین اسمبلی رابستان خان اور عدیل احمد دھاندلی روک رہے تھے تو انہیں پولیس نے گرفتار کرلیا۔ امجد آفریدی اور اسکے بھائیوں پر دہشتگردی کے مقدمات بنا دیے گئے ہیں۔

یہاں بد معاشوں کا ٹولا حکومت کررہا ہے اور پولیس انکی گود میں جا بیٹھی ہے۔ ہمارے بہت سے لیڈروں کے پیچھے پولیس لگائی ہوئی ہے۔ اس پریس کانفرنس کے بعد شاید میرے پیچھے بھی پولیس لگ جائے۔ بلاول تم بھی کرپٹ ہو، تمہاری جماعت کرپشن کرتی ہے اور تم اس کا تحفظ کرتے ہو۔ علی زیدی کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی بے نظیر بھٹو کے ساتھ ہی گڑھی خدا بخش میں دفن ہوگئی تھی۔ پندرہ برس میں ان ڈاکوں کے جو کراچی کے ساتھ کیا اسکے بعد کون انہیں ووٹ دیگا۔ پولیٹیکل انجینئرنگ کرکے پیپلز پارٹی کو جتوانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ کل تک ٹی وی پر انکے اشتہارات چل رہے تھے، جو خلاف قانون تھے۔ عوام کی رائے کے خلاف زبردستی کسی کو بٹھایا جائے تو ملک کو نقصان ہوتا ہے۔ آپ ملک کو نقصان پہنچا رہے ہیں،

آپ اپنی انا میں ملک کا نقصان کررہے ہیں۔خدا کے لیے ملک کا نقصان کرنا بند کریں۔ علی زیدی نے بلدیاتی انتخابات کے نتائج کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس دھاندلی زدہ الیکشن کو مسترد کرتے ہیں۔ پی ٹی آئی پورے انتخابی عمل کو مسترد کرتی ہے۔ ہمارے امیدوار اب بھی نتائج کے لیے بیٹھے ہیں،ہمارا مطالبہ ہے کہ فارم اے جاری کیا جائے۔بلدیاتی انتخابات میں ہونے والی دھاندلی پر علی زیدی نے الیکشن کمشنر آف پاکستان کے استعفی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کے استعفی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ یہ ایک بے ایمان آدمی ہے، الیکشن کمیشن پی ڈی ایم کی چودہویں جماعت بنا ہوا ہے۔ ہم آئی جی اور اے آئی جی کے بھی استعفی کا مطالبہ کرتے ہیں، وہ بھی پورے پراسز میں فیل ہوگئے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *